کمشنر ملتان عامر کریم خان کا پرویز عید کے روز الہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور چلڈرن ہسپتال کے دورہ

پیر 31 مارچ 2025 13:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2025ء) کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا ہے کہ تمام طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے،سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عیدالفطر کا پیغام اور دینی فریضہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے بعد یہاں پرویز الہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے دوران کیا۔

عامر کریم خاں نے مریضوں کی عیادت کی ان سے عید ملے،تحائف اور عیدی تقسیم کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔اس دوران گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد زیر علاج مریضوں خصوصا زیر علاج بچوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہے،بیماروں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا حقیقی خوشی، معاشرتی یکجہتی کی خوبصورت مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں تمام طبقات کو شامل کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

عامر کریم خان نے مریضوں کے عزیز وا قارب سے بھی ملاقات کی اور مریضوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔بعد ازاں کمشنر عامر کریم خاں نے اچانک ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈویژنل کنٹرول روم کا دورہ کیا اور ڈویژن بھر میں جاری صفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمار کریم خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں عید الفطر پر میگا صفائی آپریشن کیا گیا ہے،ڈویژن کے ہر گلی کوچے میں خصوصی صفائی کروا کر عوام الناس کو عید الفطر پر صاف ستھراماحول فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویزن بھر میں 9694 ورکرز ، 2356 مشینری کی مدد سے 2900 ٹن سے زائد کوڑا اٹھایا گیا،تمام نجی صفائی کمپنیوں کو بھرپور استعداد کار سے عید پر منفرد صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،ہیلپ لائن پر موصول ہر شکایت کا ازالہ ممکن بنایا جارہا ہے۔