اترپریش،فلسطینی پرچم لہرانے پر 5 مسلمان گرفتار

بدھ 2 اپریل 2025 16:00

لکھنو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) بھارت میں مظلوموں کے لیے آواز اٹھانا جرم بن گیا ہے ، بی جے پی کی حکومت والی ریاست اتر پردیش میں عید الفطر کی تقریبات کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے پر5مسلمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عزیف خان، عبدالرحیم، محمد فلک، عبدالکریم اور محمد عزیف کو سہارنپور شہر میں عید کی نماز کے بعد ایک مسجد سے باہر جھنڈے لہرانے پر گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک پولیس افسرنے بتایا کہ اس معاملے میں نامزد کل آٹھ افراد میں سے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تین مفرور ہیں۔ نماز عید کے بعد مسلمان گھنٹہ گھر میں جمع ہوئے اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور فلسطینی پرچم لہرایا۔واقعے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ قبل ازیں اتر پردیش، مدھیہ پردیش، بہار، کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں فلسطینی پرچم لہرانے اور غزہ مزاحمت کاروں کی حمایت میں نعرے لگانے پر متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔