تائیوان کے علیحدگی پسندوں کی اشتعال انگیزی کے رکنے تک ان کی سزا بھی نہیں رکے گی ،چینی وزارت خارجہ

بدھ 2 اپریل 2025 17:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)امریکہ، یورپی یونین، جاپان اور چند اور ممالک نے تائیوان جزیرے کے ارد گرد چائنا پیپلز لبریشن آرمی کی مشترکہ مشقوں اور تربیت پر تبصرہ کرتے ہوئے چین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اس حوالے سے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے رسمی پریس کانفرنس میں کہا کہ مذکورہ تنقید حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے،جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

ترجمان کے مطابق تائیوان کا مسئلہ خالصتاً چین کا داخلی معاملہ ہے جس میں کسی غیر ملکی مداخلت کی گنجائش نہیں ہے اور آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو نقصانات علیحدگی پسندوں کی سرگرمیوں اور بیرونی قوتوں کی ملی بھگت اور حمایت سے پہنچے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ چین کی مشترکہ مشقیں لائی چھنگ ڈہ حکام کی بے تحاشا اشتعال انگیزی کی سخت سزا، تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کو سخت انتباہ اور قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے ایک ذمہ دارانہ اقدام ہے۔

چینی ترجمان نے کہا کہ تائیوان کے علیحدگی پسندوں کی اشتعال انگیزی کے رکنے تک علیحدگی پسندوں کی سزا ایک لمحے کے لیے بھی نہیں رکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے تمام ضروری اقدامات اختیار کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :