پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈکمپنیوں کے منافع جات میں 2024کے دوران ایک فیصد کمی

جمعرات 3 اپریل 2025 12:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹڈکمپنیوں کے منافع جات میں 2024کے دوران ایک فیصد کمی ہوئی ہے،2023میں لسٹڈ کمپنیوں کے منافع جات 1.64ٹریلین روپے رہے تھے جبکہ 2024 کے دوران پی ایس ایکس میں لسٹڈ کمپنیوں کے منافع جات ایک فیصد کمی سے 1.62ٹریلین روپے ہوگئے۔ٹاپ لائن سکیورٹیز لمیٹڈکے تجزیہ کارتنویر احمد نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2024کے دوران تیل کی تلاش و پیدوار کے علاوہ کے ایس سی 100 انڈیکس کمپنیوں کے منافع جات میں سالانہ بنیاد پر2024کے دوران 8فیصد کی بڑھوتری ہوئی اور منافع جات کا حجم 1.25ٹریلین روپے تک بڑھ گیا۔

رپورٹ کے مطابق بنکنگ سیکٹرکی آمدنی میں 6فیصد اضافہ ہوا اور2024کے دوران شعبہ کی آمدنی 593ارب روپے رہی جوسال 2024کےلئے کے ایس ای100انڈیکس کے مجموعی منافع جات کے 37فیصد کے مساوی رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح فرٹیلائزر کے شعبہ کے منافع میں 79فیصد اضافہ ہوا دوران سال منافع جات کا حجم 177ارب روپے رہا جو 2024کے دوران کے ایس ای100انڈیکس میں لسٹڈ 100بڑی کمپنیوں کے مجموعی منافع کا 11فیصدرہا ہے۔

مزید برآں سیمنٹ کے شعبہ کا منافع بھی 2024میں 30فیصد کی بڑھوتری سے 133.5ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ آٹوموبائلزشعبہ کے منافع جات 75فیصد کے اضافہ سے 66.3ارب روپے تک پہنچ گئے۔رپورٹ کے مطابق ادویہ سازی کے شعبہ کے منافع میں اس دوران 3.4گنا اضافہ ہوا اور منافع جات کا حجم 15ارب روپے تک پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ سال 2023کے دوران ادویہ سازی کے شعبہ کے منافع جات کا حجم 4.4ارب روپے رہا تھا۔

دوسری جانب انجینئرنگ ، کیمیکلز اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں سال 2024کے دوران بالترتیب 81فیصد،56فیصد اور38فیصد کی منفی شرح نمو دیکھنے میں آئی۔ٹیکنالوجی کے شعبہ نے سال 2023کے 24ارب روپے کے خسارہ جات کے مقابلہ میں 2024کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورخسارے کو 17ارب روپے تک کم کیا گیا۔واضح رہے کہ یہ اعدادوشمارکے ایس ای100انڈیکس کی 100بڑی کمپنیوں میں سے 97کمپنیوں کے مالیاتی نتائج کے اجراءکے بعد مرتب کئے گئے ہیں۔ کراچی سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ یہ بڑی کمپنیاں مجموعی طور پر98فیصدکی مارکیٹ کی حامل ہیں۔\395