Live Updates

عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے کسی کو نیا ٹاسک نہیں دیا، بیرسٹر سیف

بانی پی ٹی آئی واضح کرچکے اپنی رہائی ،ذاتی فائدے کیلئے اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے بات چیت نہیں کریں گے، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

جمعرات 3 اپریل 2025 18:21

عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے کسی کو نیا ٹاسک نہیں دیا، ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ میڈیا ذرائع کے نام پر اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات شروع کرنے کی خبریں چلا رہاہے مگر عمران خان نے اس بارے کسی کو بھی کوئی نیا ٹاسک نہیں دیا۔جاری بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں حکومتی معاملات، دہشت گردی اور افغانستان کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

عمران خان نے وزیراعلی کو حکومتی معاملات، جبکہ مجھے دہشت گردی اور افغانستان کے مسئلے سے متعلق ہدایات دیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا کہ وہ اپنی رہائی اور ذاتی فائدے کے لیے اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے بات چیت نہیں کریں گے، عمران خان نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام میرے لیے سب سے مقدم ہے۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ عمران خان نے بتایا کہ معاشی ترقی سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں اس لیے سیاسی استحکام کے لیے پی ٹی آئی کو تسلیم کرنا ہوگا اور اسے دیوار سے لگانے کی کوشش بند کرنا ہوگی۔

پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے اور اسے تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا ذرائع کے نام پر اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات شروع کرنے کی خبریں چلا رہاہے مگر عمران خان نے اس بارے کسی کو بھی کوئی نیا ٹاسک نہیں دیا،میڈیا بغیر تصدیق کے ذرائع سے خبریں نشر کرنے سے گریز کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات