راولپنڈی کو منشیات فری ضلع بنانے کیلئے ضلع بھر میں منشیات کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم

جمعرات 3 اپریل 2025 21:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2025ء) سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے راولپنڈی کو منشیات فری ضلع بنانے کیلئے ضلع بھر میں منشیات کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا یہ حکم انہوں نے گزشتہ روز پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں دیا اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز، ایس پی سکیورٹی، ایس پی سی آئی اے، ایس پی ہیڈکوارٹرز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی سی پی او نے کہا کہ اگرچہ منشیات کے خلاف پنجاب بھر میں راولپنڈی پولیس کی کارکردگی سب سے بہتر ہے تاہم ضلع بھر میں منشیات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ راولپنڈی کو منشیات فری ضلع بنایا جائے گزشتہ دو سال کے دوران بڑے منشیات فروشوں کو پابند سلاسل کیا گیا 450 بڑے منشیات فروش جیل میں 10 سے 20 سال تک کی سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ رواں سال بھی 30 سے زائد بڑے منشیات فروشوں کو عدالتوں سے سزا سنائی گئی انہوں نے کہا کہ منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے مزید کام کیا جائے گا اور منشیات فروشوں کے ساتھ سپلائی لائن پر بھی کام کیا جائے انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے سول سوسائٹی، معاشرہ کے تمام طبقات خصوصاً والدین کی مدد سے اس ناسور کا خاتمہ کریں گے تعلیمی اداروں میں خصوصی آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے جبکہ منشیات کے خلاف ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت بس اڈوں، ہوٹل، سرائے اور ہوسٹلز میں سرچ آپریشنز کئے جائیں گے انہوں نے واضح کیا کہ جن گھروں سے منشیات فروشی کی شکایت ملی منشیات فروش کے خلاف کاروائی کے ساتھ گھروں کو سیل کرنے کی کاروائی بھی کی جائے گی۔