گڑھی خدا بخش (آج )بھٹو شہید سے جیالوں کی وفا کی گواہی دے گا ‘ راجہ پرویز اشرف

بھٹو نے عوام کو بولنے کی آزادی،شناخت اور پاسپورٹ دیا ،سر زمین بے آئین کو ملک کا پہلا متفقہ آئین دیا

جمعرات 3 اپریل 2025 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا آج 46واں یوم شہادت ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قائد عوام نے جمہوری جنگ کرتے ہوئے اپنی جان کی پروا نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھٹو نے عوام کو بولنے کی آزادی،شناخت اور پاسپورٹ دیا اورسر زمین بے آئین کو ملک کا پہلا متفقہ آئین دیا۔

محنت کشوں،نوجوانوں اور کسانوں کے لئے نئے منصوبے شروع کیے، آج انکے مزار پر لاکھوں جیالوں کی حاضری انکی عوام دوستی کا ثبوت ہے،فخر ہے کہ ہم آج بھی بھٹو کے قافلے میں شامل ہیں۔راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کروڑوں جیالے آج بھٹو خاندان کی تیسری نسل کی قیادت میں آگے بڑھ رہے ہیں،گڑھی خدا بخش آج چار اپریل کو بھٹو شہید سے جیالوں کی وفا کی گواہی دے گی۔