ْعظیم شہداء کے ورثاء اور اہل خانہ کو کسی صورت تنہاء نہ چھوڑا جائے گا،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد

جمعہ 4 اپریل 2025 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر مظفرآبادمدثر فاروق معہ اسسٹنٹ کمشنر (رورل)حماد بشیر اور تحصیلدار مظفرآبادقمر عزیز نے ماہ صیام کے مقدس مہینہ میں شہادت کے رتبہ پر فائز ہونے والے شہداء خواجہ یاسر(حوالدار) تھالہ ماکڑی، چوہدری اظہر(سپاہی) چندیرہ اور اسرار رشید (حوالدار) تھالہ راڑہ ضلع مظفرآباد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

شہداء کے بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے جبکہ اس موقع پر اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے با ورکروایا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ وطن عزیز کی سلامتی، وحدت اور بقا ء کیلئے قربان ہونے والے عظیم شہداء کے ورثاء اور اہل خانہ کو کسی صورت تنہاء نہ چھوڑا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر انوار الحق اور چیف سیکرٹری خوشحال خان کی نمائندگی کرتے ہوئے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جملہ مسائل و پریشانیاں حل کریں گے۔ شہداء کے بچوں کے روشن مستقبل حکومت آزادکشمیر کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر اہل خانہ نے مسائل سے آگاہ کیا جس پر یقین دہانی کرائی گئی کہ جملہ معاملات /مطالبات حکومت آزادکشمیر، حکومت پاکستان اور پاک فوج کے تعاون سے حل کرائے جائیں گے۔