صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر سے امریکن وفد کی ملاقات، اینٹوں کے بھٹہ کی صنعت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

جمعہ 4 اپریل 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل ملک فیصل ایوب کھوکھر سے امریکن وفد نے ملاقات کی۔ سی ای او فیملیز سیٹ فری، مائیکل برکلے نے وفد کے ہمراہ صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔وفد میں ہنڈرے ڈی جونگ، منیجنگ ڈائریکٹر کران سلوشنز، اسٹیفنی اینفنسن کری ایٹو ڈائریکٹر کران سلوشنز شامل تھے جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں امریکن کران سلوشنز کمپنی نے پاکستان کی اینٹوں کے بھٹہ کی صنعت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات میں ہاتھ سے بنی اینٹوں کو مشین سے بنی اینٹوں میں تبدیل کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بھٹہ میں کام کرنے مزدروں کے بچوں کو سکلڈڈویلپمنٹ او راعلیٰ ایجوکیشن کے مواقع فراہم کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

وفد نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر بھٹہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تبادلہ خیال کیا گیا کہ جدید طریقہ کارکے استعمال سے نہ صرف اینٹوں کی پیداوار بڑھائی جا سکے گی بلکہ آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔صوبائی وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بھٹہ مزدوروں کی صحت کے حوالے سے اہم اقدامات کررہی ہے۔

حکومت پنجاب مزدوروں کی صحت اور انہیں محفوظ اور صحت مندماحول فراہم کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔ جدید مشینری کے استعمال سے صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ جس سے نہ صرف اقتصادی ترقی ہوگی بلکہ مزدوروں کی زندگی کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نئی لیبر کالونیاں،گرانٹس کا بر وقت اجرا اور جدید میڈیکل سہولیات پر دن رات کام کررہے ہیں۔ آئی ایل او اور لیبر قوانین پرعمل درآمد کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔پہلی پائلٹ مشین فیصل آباد میں نصب کی جائے گی۔