غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں اسرائیلی فوج کے زمینی آپریشن کا آغاز

اسرائیلی فوج کے ٹینک الشجاعیہ کے علاقے کے مشرق میں بڑھتے دکھائی دیے،رپورٹ

ہفتہ 5 اپریل 2025 11:40

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء)اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں الشجاعیہ کے علاقے میں زمینی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق فوج کے پریس بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کا مقصد سیکورٹی زون کی توسیع ہے۔ اس دوران میں متعدد مسلح کو ہلاک کر دیا گیا اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپائونڈ شامل ہے جس کو حماس کے ارکان نے عسکری سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور ہدایات دینے کے لیے استعمال کیا۔بیان کے مطابق فوج نے مقامی آبادی کی سلامتی کے پیش نظر مخصوص راستوں کے ذریعے لوگوں کو علاقے سے نکل جانے کی اجازت دی۔ مزید یہ کہ اسرائیلی شہریوں کے تحفظ کے لیے غزہ کی پٹی میں مسلح گروپوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج کے ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں پر مشتمل قافلے الشجاعیہ کے علاقے کے مشرق میں بڑھتے دکھائی دیے۔ اس دوران مقامی آبادی نے غزہ شہر کے وسطی اور مغربی حصے کی جانب نقل مکانی کی۔

متعلقہ عنوان :