سرینگر، معروف آزادی پسند ہنما غلام محمد نائیکو انتقال کر گئے،حریت کانفرنس کا اظہار تعزیت

ہفتہ 5 اپریل 2025 17:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما غلام محمد نائیکو مختصر علالت کے بعد سرینگر میں انتقال کر گئے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غلام محمد نائیکو سوپور کے علاقے سیلو کے رہائشی تھے ۔ وہ آج کل سرینگر کے علاقے بمنہ میں رہائش پذیر تھے۔مرحوم آزادی پسند تنظیموں الفتح ، پیپلز لیگ اور مسلم کانفرنس کے ساتھ منسلک رہے ۔

وہ انتہائی زیرک، اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل اور ایک دور اندیش رہنما تھے۔ انہوں نے غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف جاری تحریک مزاحمت میں گرنقدر خدمات انجام دیں جس کی پاداش میں انہیں بڑے پیمانے پر بھارتی عتاب کا سامنا رہا تاہم وہ ایک عظیم کا ز کیساتھ آخری سانس تک وابستہ رہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزہ لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر کے رہنماﺅں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر ، الطاف حسین وانی اور شمیم شال نے بھی غلام محمد نائیکو کی وفات پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی تحریک آزادی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔