پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں غیر قانونی مقیم طلباء کیخلاف گرینڈ آپریشن

مختلف طلباء تنظیموں سے کمرے خالی کرانے کیلئے پولیس اوریونیورسٹی انتظامیہ نے آپریشن کے دوران لڑکوں کے 17 اور لڑکیوں کے 11 ہاسٹلز پر چھاپے مارے گئے ،درجنوں غیر مقیم افراد کوہاسٹلز سے نکال دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 اپریل 2025 14:13

پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں غیر قانونی مقیم طلباء کیخلاف گرینڈ آپریشن
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اپریل 2025)پنجاب یونیورسٹی کی20سالہ تاریخ میں پہلی بار ہاسٹلز میں غیر قانونی مقیم طلباء کیخلاف گرینڈ آپریشن ، مختلف طلبا تنظیموں سے کمرے خالی کرانے کیلئے پولیس اوریونیورسٹی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کیا،آپریشن کے دوران درجنوں غیرقانونی مقیم افراد کو ہاسٹلز سے نکال کر ان کے سامان کو قبضے میں لے لیا گیا۔

پنجاب یونیورسٹی میں ہونے والے آپریشن کے دوران لڑکوں کے 17 اور لڑکیوں کے 11 ہاسٹلز پر چھاپے مارے گئے۔یونیورسٹی میں ہونے والے گرینڈ آپریشن کے باعث پنجاب یونیورسٹی کے 28 ہاسٹلز کومکمل طو ر پر بندکر دیا گیا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے تمام ہاسٹلز کو 8 اپریل تک سیل کر دیا گیا اور اس دوران غیر الاٹڈ طالب علموں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے تمام ہوسٹلز8اپریل 2025 کی صبح7بجے تک بندرہیں گے جبکہ کلاسز و امتحانات 9 اپریل سے باقاعدہ شروع ہونگی۔ ہاسٹل کے رہائشی طلبااس تاریخ سے قبل ہاسٹل واپس نہ آئیں۔طلباکو یہ بھی ہدایات دی گئیں کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عمل کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام طلبا کو انتباہ جاری کر دیا ہے ۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے مختلف ہاسٹلز پر طلبا تنظیموں نے دہائیوں سے قبضہ کررکھا ہے۔انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہاسٹلز میں 8 ہزار طلبا کی گنجائش موجود ہے لیکن نئے الاٹیزکمروں سے محروم کردیا گیا۔ لہٰذا 8 اپریل سے صرف الاٹ ہونے والے طلبا ہی ہاسٹلز میں داخل ہو سکیں گے۔پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بغیر الاٹمنٹ کے ہاسٹلز میں داخل ہونے والے طالب علموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلرپنجاب حکومت نے طلباءکے ہاسٹلز خالی کروانے کیلئے پولیس فورس طلب کی تھی۔وائس چانسلرکا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے مختلف ہاسٹلز میں کئی تنظیموں کا عرصہ دراز سے قبضہ ہے ۔پنجاب یونیورسٹی ان غیر قانونی مقیم افراد سے اکیلے یہ ہوسٹلزخالی نہیں کرواسکتی اس لئے پولیس فورس فراہم کی جائے تاکہ یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں غیر قانونی مقیم افراد کو نکالاجاسکے۔