وفاقی حکومت نے لاہور کی 5احتساب عدالتیں ختم کر دیں، وزارت قانون کا نوٹیفکیشن جاری

ختم کی جانے والی عدالتوں کے عملے کو مختلف ٹربیونلز اور خصوصی عدالتوں میں ضم کر دیا گیا

ہفتہ 5 اپریل 2025 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء)وفاقی حکومت نے لاہور میں قائم 10میں سے 5احتساب عدالتوں کو ختم کر دیا ،وزارت قانون کی جانب سے فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ختم کی جانے والی عدالتوں کے عملے کو مختلف ٹربیونلز اور خصوصی عدالتوں میں ضم کر دیا گیا ہے۔ احتساب عدالت نمبر 1 لاہور کو انٹیلیکچول پراپرٹی ٹربیونل ملتان میں تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ احتساب عدالت نمبر 3کو خصوصی عدالت برائے کسٹم و ٹیکسیشن ملتان منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت نمبر 4لاہور کو خصوصی عدالت برائے کسٹم و ٹیکسیشن ٹو لاہور کا درجہ دے دیا گیا ہے، جبکہ احتساب عدالت نمبر 8لاہور کو انٹیلیکچول پراپرٹی ٹربیونل لاہور ٹو میں تبدیل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ احتساب عدالت نمبر 7لاہور کو سپیشل جج سنٹرل عدالت گجرات میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور میں اس وقت 10احتساب عدالتیں کام کر رہی تھیں، جن میں سے اب 5 عدالتوں کو کم کر دیا گیا ہے۔ وزارت قانون کے مطابق یہ فیصلہ عدالتوں کے بہتر استعمال اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :