انفارمیشن گروپ سیکرٹریز فورم کا اپنے سربراہ خواجہ اعجاز سرورکے انتقال پر اظہار افسوس

ہفتہ 5 اپریل 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) انفارمیشن گروپ سیکرٹریز فورم نے اپنے سربراہ خواجہ اعجاز سرور کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ، خواجہ اعجاز سرور انفارمیشن گروپ کے ایک ممتاز اور قابل احترام رکن تھے اور جنہوں نے 1969میں انفارمیشن گروپ میں شمولیت اختیار کی اور مختلف اعلی ترین عہدوں پر فائز رہے۔

خواجہ اعجاز سرور نے وزارت اطلاعات و نشریات میں اپنے تابناک کیریئر کے دوران متعدد اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دیں، جن میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات کا عہدہ بھی شامل ہے۔ مرحوم وفاقی سیکرٹری بہبود آباد ی کے عہدے پر بھی فائز رہے اور نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ اپنے کئی دہائیوں پر محیط کیرئیر کے دوران، انہوں نے عوامی خدمت کی بہترین روایات کو برقرار رکھا اور فکری ذہانت کو فراخدلی اور ہمدردی کے جذبے سے ہم آہنگ خدمات مثالی طور پر سر انجام دیتے رہے ۔

(جاری ہے)

وہ قلب و ذہن کے اعتبار سے ایک نفیس انسان تھے جن میں دونوں جوہر موجود تھے ،اپنی دیانتداری کی وجہ سے قابل احترام، اپنی شائستگی کی وجہ سے قابل ستائش، اور خدمت اور اس کی اقدار کے لیے اپنی بے لوث وابستگی کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کردار، وقار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مزین تھا، جنہوں نے تبدیل ہوتے وقت اور چیلنجز کے باوجود انفارمیشن گروپ کا پرچم بلند رکھا۔

فورم ملک کے لیے ان کی خدمات اور عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ان کا انتقال نہ صرف ان کے خاندان بلکہ انفارمیشن گروپ کے رفقا، ساتھیوں اور بہت سے دوستوں کے لیے بھی ایک گہرا نقصان ہے جو زندگی میں ان سے وابستہ رہے۔ مرحوم نے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹا، ایک بیٹی، پوتے، رفقاء اور خیر خواہوں کا ایک وسیع حلقہ سوگوار چھوڑا ہے۔ ان کی نمازِ جنازہ اتوار6 اپریل 2025 کو نمازِ ظہر کے بعد دوپہر1:30 بجے مرکزی جامع مسجد، سنگم مارکیٹ، آئی ایٹ تھری اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔ فورم سوگوار خاندان کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور مرحوم کی مغفرت اور بلندیِ درجات کے لیے دعا گو ہے۔