پاکستانی کھلاڑیوں سے افغان شائقین کی بدتمیزی کو بھارتی میڈیا نے الگ رنگ دیدیا

افغان شائقین کی بدتمیزی نظرانداز، صرف خوشدل شاہ کی حرکت نمایاں کرتا رہا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 6 اپریل 2025 12:29

پاکستانی کھلاڑیوں سے افغان شائقین کی بدتمیزی کو بھارتی میڈیا نے الگ ..
ماؤنٹ ماؤنگانوئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اپریل 2025ء ) ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے افغان شائقین کی بدتمیزی کو بھارتی میڈیا نے الگ رنگ دے دیا۔
ماؤنٹ ماونگانوئی کے بے اوول گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر خوشدل شاہ ایک ناخوشگوار واقعے کا شکار ہوئے جب انہوں نے گراؤنڈ میں موجود چند شائقین کی جانب غصے میں پیش قدمی کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ غیر ملکی شائقین کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی، ذرائع کے مطابق یہ شائقین افغان باشندے تھے۔

(جاری ہے)

 

پی سی بی کے مطابق ’جب پاکستان مخالف نعرے لگائے گئے تو خوشدل شاہ نے شائقین کو باز رکھنے کی کوشش کی، تاہم افغان شائقین نے پشتو زبان میں مزید غیر مناسب زبان استعمال کی، پاکستانی ٹیم کی شکایت پر اسٹیڈیم حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 2 شائقین کو باہر نکال دیا۔

تاہم بھارتی میڈیا نے اس تنازعے کو قومی ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی سے جوڑنے کی کوشش کی اور کہا کہ پاکستانی شائقین کی جانب سے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مسلسل طعن و تشنیع کی جا رہی تھی، جس سے مشتعل ہو کر خوشدل شاہ نے ردِعمل دیا۔
بھارتی چینلز اور ویب سائٹس پر نشر ہونے والی خبروں میں واقعے کا سیاق و سباق مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور خوشدل شاہ کی ردِعمل کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، جیسے وہ بغیر کسی وجہ کے شائقین پر جھپٹ پڑے ہوں۔

بھارتی میڈیا نے افغان شائقین کی بدتمیزی، پاکستان مخالف نعروں اور نازیبا زبان کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف خوشدل شاہ کی حرکت کو نمایاں کیا، جس سے حقائق کو مسخ کر کے پیش کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستانی کرکٹرز کو بدنام کرنا اور اصل واقعے سے توجہ ہٹانا ہے۔