بہت سی چیزیں میرے ہاتھ میں نہیں، مشورہ بھی نہیں لیا جاتا : محمد رضوان

تنقید کرنا آپ کا حق ہے، بطور لیڈر اپنی غلطی مانتا ہوں، بہت سی چیزوں میں بہتری لانا ہوگی : ون ڈے کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 6 اپریل 2025 12:49

بہت سی چیزیں میرے ہاتھ میں نہیں، مشورہ بھی نہیں لیا جاتا : محمد رضوان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اپریل 2025ء ) پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے نیوزی لینڈ سے وائٹ واش پر اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
ایک انٹرویو میں کپتان محمد رضوان نے کہا کہ تنقید کرنا آپ کا حق ہے بطور لیڈر اپنی غلطی مانتا ہوں، بہت سی چیزوں میں بہتری لانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم چالیس اوورز تک اچھا کھیلتے ہیں لیکن فنش نہیں کر پاتے، گیم اویئرنس کی اب بھی کمی ہے ۔

(جاری ہے)

محمد رضوان نے کہا کہ ٹی 20 سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ مینجمنٹ کا تھا جسے تسلیم کیا، بہت سی چیزیں ہمیں معلوم نہیں نہ ہی ہم سے مشورہ لیا جاتا ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو تمام کریڈٹ دوں گا، وہ ہر شعبے میں ہم سے اچھا کھیلے، نیوزی لینڈ نے ایشین کنڈیشنز میں بھی اچھا پرفارم کیا تھا اور اس سیریز میں بھی اچھی کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 10 ہونے جارہی ہے، امید ہے کھلاڑی عمدہ پرفارمنس دیں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں ہرا کر 3 میچز کی سیریز 0-3 سے جیت لی ہے، ون ڈے سیریز سے قبل نیوزی لینڈ نے 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔