فاف ڈو پلیسی نے بابر اعظم کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا

جنوبی افریقا کے سابق کپتان نے یہ ریکارڈ میجر لیگ کرکٹ میں برق رفتار 103 رنز کی اننگز کھیل کر بنایا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 جولائی 2025 12:23

فاف ڈو پلیسی نے بابر اعظم کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا
ڈیلاس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم جولائی 2025ء ) جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) 2025 میں سنچری جڑ کر متعدد ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ 
ٹیکساس کے گرینڈ پرایئر اسٹیڈیم میں ٹیکساس سپر کنگز کی نمائندگی کرنے والے فاف ڈو پلیسی نے ایم آئی نیو یارک کے خلاف پانچ چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر برق رفتار 103 اننگز کھیل کر ٹیم کو پلے آف مرحلے میں پہنچا دیا۔

یہ سابق جنوبی افریقی کپتان کی رواں ایڈیشن میں دوسری سنچری تھی۔ 
اس سے قبل انہوں نے سان فرانسسکو یونیکورنز کے خلاف بھی سنچری اسکور کی تھی۔ 
اس سنچری کے بعد فاف ڈو پلیسی ٹی 20 کی تاریخ میں 40 برس کی عمر کے بعد دو سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

 

یہ ان کی بطور کپتان آٹھویں سنچری تھی اور اس کے بعد وہ بحیثیت کپتان سب سے زیادہ مجموعی سنچریوں کا ٹائٹل پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم (7) اور آسٹریلیا کے مائیکل (7) کلنگر سے چھین لیا ہے۔

ویرات کوہلی اور جیمز ونس بطور کپتان 5،5 سنچریاں سکور کرکے اس فہرست میں مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔ 
بابر اعظم عالمی لیگز میں مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فارمیٹ کے سرفہرست بیٹرز میں سے ایک ہیں، جنہوں نے بطور کپتان سات سنچریاں رجسٹر کیں جبکہ پاکستان، کراچی کنگز اور پشاور زلمی جیسی ٹیموں کی قیادت کی۔
بطور کپتان 144 میچوں میں 5,200 سے زیادہ رنز کے ساتھ 30 سالہ نوجوان مختصر ترین فارمیٹ میں ایک عمدہ بیٹر ہیں ۔