میرواعظ عمر فاروق ایک بار پھر گھر میں نظر بند، تقریب میں شرکت سے روک دیا گیا

اتوار 6 اپریل 2025 14:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے میر واعظ عمر فاروق کو سعدہ کدل سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت سے روکنے کے لئے آج ایک بار پھر گھر میں نظربند کردیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ کو سعدہ کدل میںقرآنک ریسرچ انسٹی ٹیوب کے زیر اہتمام تقسیم انعامات کی ایک تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا جس کا مقصد نوجوان اسلامی خطاطوں کو اعزاز دینا اور قرآنی خطاطی کی روایت کو فروغ دینا تھا۔

تقریب میں وادی بھر سے علمائے کرام، اسلامی اسکالرز اور آرٹ کے شائقین نے شرکت کرنی تھی۔میرواعظ کی مسلسل نظربندی اورخاص طوپر ایسے اہم مواقع پرا ن کی مذہبی اور سماجی خدمات پر پابندیاں انتہائی افسوسناک ہیں جن سے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے۔تقریب کے منتظمین نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرواعظ کی موجودگی سے شرکاء کو فائدہ ہوتا اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی خوصلہ افزائی ہوتی۔