سکھر تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے شروع ہونگے

اتوار 6 اپریل 2025 18:30

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کے سالانہ امتحانات کل بروز پیر 7 اپریل سے شروع ہو رہے ہیں ،سکھر ریجن میں 216 امتحانی مراکز قائم ، نقل کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ سکھر رفيق احمد پلھ کے مطابق ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات 7 اپریل بروز پیر سے شروع کئے جائیں گے۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ رفیق احمد پلھ کا امتحانات کی تفصیلات سے متعلق کہنا ہے کہ بورڈ کی جانب سے سکھر ریجن کے تینوں اضلاع خیرپور، گھوٹکی اور سکھر میں 216 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانات میں نویں اور دسویں جماعت کے 1 لاکھ 10 ہزار 5 سو 42 طلباء و طالبات حصہ لینگے ۔ ضلع گھوٹکی سے27 ہزار 7 سو 40 طلباء و طالبات امتحان میں حصہ لینگےجبکہ خیرپور سے 53 ہزار 78 طلباء و طالبات امتحانات میں حصہ لینگے اور سکھر سے 29 ہزار 7 سو 24 طلباء و طالبات امتحانات میں حصہ لینگے ۔

(جاری ہے)

7 اپریل بروز پیر کو نویں جماعت کے طلباء سے انگریزی کا پیپر لیا جائے گا ۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ سکھر رفيق احمد پلھ نے کہا ہے کہ نقل کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، اس سلسلے میں تینوں اضلاع کیلئے 32 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ کیا جائیگا جس کہ تحت امتحانات کے اوقات کار کے دوران فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں بند رہیں گی۔غیر متعلقہ افراد کے داخلہ پر امتحانی مراکز میں پابندی عائد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :