بزدلانہ اقدام سے حکومت اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی باجوڑ دھماکے کی مذمّت

بدھ 2 جولائی 2025 16:50

بزدلانہ اقدام سے حکومت اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، وزیر اعلیٰ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورنے باجوڑ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصلیدار سمیت 4 افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیر اعلیٰ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورشہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لئے باجوڑ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، عوام کی خدمت اور حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ اقدام سے حکومت اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ عوام، حکومت اور ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :