فاروق ایچ نائیک کا مسابقتی کمیشن کا دورہ

بدھ 2 جولائی 2025 16:30

فاروق ایچ نائیک  کا  مسابقتی کمیشن کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) سینیٹ کے سابق چیئرمین و سابق وفاقی وزیر قانون و انصاف پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر کبیر سدھو نے انہیں پاکستانی مارکیٹوں میں کمپٹیشن کے فروغ اور ریگولیٹری فریم ورک کے موثر نفاذ کے لئے کی گئی قانونی اصلاحات پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین مسابقتی کمیشن نے فاروق ایچ نائیک کو کمیشن کی حالیہ انفورسمنٹ کی کارروائیوں، قانونی اصلاحات اور ادارے کی بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ان اصلاحات کا مقصد مارکیٹ میں کمپٹیشن کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی پی نے عدالتی فورمز میں زیر التوامقدمات کی تعداد میں نمایاں کمی کی ہے جس سے بھاری جرمانوں کی وصولی ممکن ہوئی ۔فاروق ایچ نائیک نے مسابقتی کمیشن میں کی گئی اصلاحات اور قانون کے موثر عمل درآمد کو سراہا اور اسے منصفانہ مارکیٹوں کے قیام اور صارفین کے مفاد کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔