بھارت میں لندن کا مشہور سرجن بن کر جعلی ڈاکٹر کی ہارٹ سرجریز، 7 مریض چل بسے

پیر 7 اپریل 2025 11:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) بھارت میں لندن کا مشہور کارڈیالوجسٹ بن کر جعلی ڈاکٹر نے دل کے 15 آپریشن کیے جن میں سے 7مریض ہلاک ہو گئے، متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ زرائع کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع دموہ کے مشن ہسپتال میں دو ماہ کے دوران ہونے والی اموات کے بعد ہیومن رائٹس کمیشن کے پاس شکایت درج کرائی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ملزم کی شناخت نریندر یادو کے نام سے ہوئی ہے جبکہ انہوں نے خود کو برطانیہ کے مشہور کارڈیالوجسٹ این جان کیم کے طور پر ظاہر کیا تھا۔ ملزم نے یہ بھی دعوٰی کیا تھا کہ وہ لندن میں رہتا ہے۔شکایت درج ہونے کے بعد سے ملزم لاپتہ ہے۔ ملزم کے خلاف درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کے غلط طریقہ علاج کی وجہ سے مریضوں کی موت ہوئی ہے۔نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے پاس درج کرائی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے برطانیہ کے مشہور معالج ڈاکٹر جان کیم کا نام استعمال کیا اور مریضوں کو گمراہ کیا۔ضلع دموہ کے کلکٹر سدھیر کوچار کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تاہم اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا۔