سیالکوٹ،کاشتکاروں کو گندم ذخیرہ کرنے کےلئے نئی بوریاں استعمال کرنے کی ہدایت

پیر 7 اپریل 2025 16:08

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کاشتکاروں کو گندم ذخیرہ کرنے کےلئے نئی بوریاں استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار ضرر رساں کیڑے تلف کرنے کےلئے گوداموں میں سپرے کریں،محکمہ زراعت کے ماہرین کی ہدایات پر عمل درآمد کریں، پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع سیالکوٹ میں بھی محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی اور ذخیرہ کرنے کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے بارے رہنمائی فراہم کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کی بہترین حکمت عملی اور پنجاب حکومت کی طرف سے کاشتکاروں کےلئے زرعی مداخل پر سبسڈی جیسی مراعات کی وجہ سے گندم کی کاشت مقرر کئے گئے ہدف سے زائد رقبہ پر ہوئی ہے اور دوران سیزن گندم کے نگہداشتی امور بارے کسانوں کی بھرپور رہنمائی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر کریں،بارش کا خطرہ ہو تو کٹائی کے بعد محکمہ زراعت کی جانب سے فراہم کی گئی ہدایات پر عمل درآمد کریں، گندم کو ذخیرہ کرتے وقت دن میں نمی کا تناسب 10 فیصد سے زائد نہ ہو،گندم ذخیرہ کرتے وقت ترجیحی طور پر نئی بوریاں استعمال کریں اور محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورے سے گوداموں میں سفارش کردہ محلول سپرے کریں تاکہ وہاں موجود کیڑے تلف ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :