نلوچھی گرائونڈ سے جڑی ہوئی پہاڑی کی کٹائی کا جاریہ عمل وزیر حکومت کا تعمیراتی قواعد کا اعلانیہ انکار ہے،زاہد امین ایڈووکیٹ

پیر 7 اپریل 2025 17:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)سابق چیئرمین وزیراعظم معائنہ وعملدرآمد کمیشن زاہد امین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نلوچھی گرائونڈ سے جڑی ہوئی پہاڑی کی کٹائی کا جاریہ عمل وزیر حکومت کا تعمیراتی قواعد کا اعلانیہ انکار ہے،ارضیاتی اعتبارسے درجہ چہارم کے اس پہاڑی سلسلہ پر بمطابق جائیکا لینڈ یوز پلان،ماسٹر پلان اور بلڈنگ کوڈ کٹائی اورتعمیرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس درجہ کھڑی ڈھلوان کی اتنی بڑی کٹائی ساری پہاڑی کے لیے خطرناک ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نلوچھی گرائونڈ کے ساتھ کی یہ غیر قانونی تعمیرات گرائوند کے موجودہ سائیز کو خوفناک حد تک کم کردے گی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گرائونڈ اپنی ابتدائی حالت میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر حکومت کا یہ اقدام شہری اداروں کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے وزیر حکومت نے نیلم قلعہ کے ساتھ محکمہ سیاحت کی سرکاری اراضی پر ڈیڑھ سال سے غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے،وزیر بلدیات نے شہر میں جابجا غیر قانونی تعمیرات کی سرپرستی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن نے بلڈنگ کوڈ اور ماسٹر پلان کی کتابوں ،نقشوں کو نیلم پارک کے کوڑا کرکٹ ڈپو میں دفن کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن حکام نے اپنے دفتر اورمزار میر واعظ کے ساتھ کھلی جگہوں پر کھوکھے تعمیر کر کے دارالحکومت میں ماسٹر پلان کی سب سے بڑی توہین کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی ادارہ کی مجرمانہ غفلت بھی سنگین زیادتی ہے۔ترقیاتی ادارہ نے گزشتہ چند سالوں سے خود کو تعمیراتی عمل سے الگ کر کے دارالحکومت کے ساتھ ناانصافی کی ہے،اسمبلی سے منظور شدہ قانون کے مطابق ترقیاتی ادارہ اب بھی دارالحکومت کے ترقیاتی عمل کی کنٹرولنگ اتھارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی ادارہ 1994ء میں تعمیر کردہ اپنے نلوچھی گرائونڈ کے تحفظ میں ناکام رہاہے۔

ترقیاتی ادارہ نلوچھی گرائونڈ کی ابتدائی حالت کی بحالی کے لیے بمطابق قانون حصول اراضی کی کاروائی کرنے سے مسلسل فرار کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی ادارہ کو نلوچھی گرائونڈ کے تحفظ کے لیے ایوارڈ کی کارروائی میں مزید بزدلی سے کام نہیں لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کے بدلے تعمیرات کی چھوٹ نے شہر میں ایک انچ جگہ بھی گرین اور کھلی نہیں رہنے دی ہے۔گزشتہ دس ،پندرہ سالوں کے دوران غیر قانونی تعمیرات کو مسلسل روکے جانے کے بعد حالیہ ساڑھے تین برسوں کے دوران کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی سیاسی قائدین تعمیراتی قواعد وضوابط کے دشمن ہیں،نئی نسل کو اپنے شہر کے تحفظ کے لیے سنجیدہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔