میرواعظ کا ترال میں آتشزدگی کے واقعے میں بچے کی موت پراظہار افسوس

اس واقعے میں ایک 10سالہ بچہ یاسر احمد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں

پیر 7 اپریل 2025 17:32

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں واقع دارالعلوم شاہ ہمدان میں آتشزدگی کے المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس واقعے میں ایک 10سالہ بچہ یاسر احمد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

میر واعظ نے اسے انتہائی دردناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور بچے کے دائمی سکون اور اس کے غمزدہ والدین اور چاہنے والوں کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے تمام افراد سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا بھی کی۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ دارالعلوم کی تباہی کمیونٹی کے لیے ایک اہم نقصان ہے کیونکہ ایسے ادارے سیکھنے اور رہنمائی کے مراکز ہوتے ہیں۔

انہوں نے متاثرہ طلباء اور دارالعلوم کی فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔میر واعظ عمر فاروق نے وادی کشمیر میں تمام لوگوں اور تعلیمی اداروں کے امن، سلامتی اور تحفظ کے لیے دعا کی۔