تعلیمی بورڈ شہید بینظیرآباد کی جانب سے نویں و دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 8 اپریل سے شروع ہوں گے

پیر 7 اپریل 2025 18:21

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ شہید بینظیر آباد کے ناظم امتحانات احسان الاہی بھٹو نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا ہے کہ تعلیمی بورڈ شہید بینظیرآباد کی جانب سے نویں و دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 8 اپریل سے شروع ہورہے ہیں جس کے لئے سنٹرز پر ایکسٹرنل سپرینٹنڈنٹ اور دیگر عملے کی مقرری، نقل کی روک تھام سمیت دیگر ضروری انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نویں ودسویں جماعت کے امتحانات لینے کے لئے ڈویژن میں کل 163 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ضلع شہید بینظیرآباد میں 48، ضلع سانگھڑ میں 57 اور نوشہرو فیروز میں 58 امتحانی مراکز شامل ہیں جبکہ 18 ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امتحانات کے دوران نویں اور دسویں جماعت کے سائنس اور جنرل گروپ کے ایک لاکھ 3 ہزار 23 امیدوار امتحان دیں گے پہلی شفٹ صبح 9 بجے سے 12 بجے تک اور دوسری شفٹ میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک پیپرز لئے جائیں گے ،اس سلسلے میں امیدواروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ وقت کی پابندی کے ساتھ امتحانی مراکز میں پہنچے اور اپنے ہمراہ اصل ایڈمیشن سلپ ضرور لیکر آئیں بصورت دیگر انکو امتحان میں بیٹھنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے جبکہ امتحانی مراکز میں موبائل فون ساتھ لیکر آنے پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :