مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،رانا مبشر اقبال

پیر 7 اپریل 2025 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2025ء)وفاقی وزیررانا مبشر اقبال کاوزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کی وجہ سے اظہار تشکر کے لیے حلقے میں ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا گیاجس میں این اے 124 اور این اے 123 کے عوام نے بجلی کے بلوں میں کمی کی خوشی منائی۔ اس جلسے میں وفاقی وزیر، رانا مبشر اقبال، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طلحہ برکی، مشیر وزیراعظم برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران شبیر احمد عثمانی، ایم پی اے رانا راشد منہاس، میاں عمران جاوید ایم پی اے اور محمد نواز ایم پی اے سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

جلسے کے دوران مقررین نے حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ بجلی کے بلوں میں کمی عوام کو درپیش معاشی مشکلات کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرتی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رکھے جائیں گے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

شرکاء نے وزیراعظم اور متعلقہ وزارتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عوامی ریلیف کے مزید اقدامات بھی جلد کیے جائیں گے۔ عوام کی بڑی تعداد نے جلسے میں شرکت کی اور حکومتی فیصلے کے حق میں نعرے بازی کی۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔