فلسطینی اتھارٹی کو غزہ پر حکومت کرنا چاہیی,مصر، اردن اور فرانس

شہریوں اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی حفاظت اور امداد تک مکمل رسائی کو یقینی بنایا جائے،مطالبہ

منگل 8 اپریل 2025 11:05

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)اٹھارہ مارچ سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے دوبارہ جاری ہیں۔ اسی تناظر میں مصر، فرانس اور اردن کے رہنماں نے فلسطینیوں کے تحفظ اور انہیں ہنگامی انسانی امداد کی فوری اور مکمل رسائی کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک بااختیار فلسطینی اتھارٹی کو پٹی پر حکومت کرنے کی واحد ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

قاہرہ میں سہ فریقی سربراہی اجلاس کے بعد ایک مشترکہ بیان میں، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، ان کے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے 19 جنوری کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شہریوں اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی حفاظت اور امداد تک مکمل رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہ یہ وہ ذمہ داریاں ہیں جن پر بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت عمل درآمد ہونا چاہیے۔انہوں نے مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر بھی اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام یکطرفہ اقدامات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا جو دو ریاستی حل کے حصول کے امکانات کو کمزور کر رہی ہیں۔

انہوں نے القدس میں مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت کا احترام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے اور فلسطینی زمینوں کے الحاق کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا اظہار کر دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کے لیے بین الاقوامی حمایت پر زور دیا ہے۔

4 مارچ کو قاہرہ میں منعقدہ عرب سربراہی اجلاس میں منظور کیا گیا اور 7 مارچ کو اسلامی تعاون تنظیم نے اس کی توثیق کی تھی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ اور پورے فلسطینی علاقوں میں نظم و نسق اور امن و امان کی بحالی کی اشد ضرورت ہے۔ خصوصی طور پر فلسطین کو مضبوط علاقائی اور بین الاقوامی حمایت کے ساتھ ایک بااختیار فلسطینی قومی اتھارٹی کی چھتری کے نیچے ہونا چاہیے۔

انہوں نے جون میں ہونے والی کانفرنس میں ان کوششوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا جس کی مشترکہ صدارت سعودی عرب اور فرانس کریں گے تاکہ دو ریاستی حل پر عمل درآمد کے لیے ایک واضح سیاسی افق تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے مستقبل قریب میں قاہرہ میں منعقد ہونے والی غزہ کی تعمیر نو کانفرنس کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔