ڈی پی او ہری پور فرحان خان کی زیر صدارت ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد

منگل 8 اپریل 2025 14:08

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) ڈی پی او ہری پور فرحان خان کی زیر صدارت ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن ہری پور جمیل الرحمان، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی ہیڈکواٹرز، ایس ایچ اوز اور دفتر سٹاف نے شرکت کی۔ ڈی پی او ہری پور نے افسران پولیس کی کارکردگی اور ضلع بھر کے کرائم کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، جرائم کے خاتمے اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے تمام توانائیاں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں، ہوائی فائرنگ اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھیں، آمدہ محرم الحرام کے دوارن امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتب فقر کے علماء اکرام اور منتظمین کے ساتھ میٹنگز کا انعقاد کریں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے کہا کہ مختلف نوعیت کے مقدمات میں مطلوب مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات میں تیزی لائی جائے، اپنے علاقہ میں گشت، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز اور چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید موثر کیا جائے، عوام کی عزتِ نفس کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کاروائیاں عمل میں لائیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔