مہاجرین کے معاملے پر پاکستان اسلامی و ہمسائیگی کی ذمے داریاں پوری کرے‘ افغان حکومت

غلط اقدامات دونوں ملکوں کے لیے نقصان دہ ہیں‘طالبان وزیراعظم ملامحمد حسن اخوند کی زیرصدارت اجلاس کا اعلامیہ جاری

منگل 8 اپریل 2025 16:24

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی سے متعلق افغان صدارتی محل ارگ میں اجلاس ہوا ہے۔اجلاس کابل میں طالبان حکومت کے وزیرِ اعظم ملامحمدحسن اخوند کی زیرِ صدارت ہوا۔افغان عبوری حکومت کی طرف سے جاری کیے جانے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں افغان مہاجرین کی پاکستان سے ملک بدری کے بارے میں گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغان مہاجرین کے معاملے پر پاکستانی قیادت اسلامی اور ہمسائیگی کی ذمے داریاں پوری کرے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے عوام کے درمیان دہائیوں سے اچھے تعلقات ہیں، چاہتے ہیں کہ مذہبی، تاریخی اور ثقافتی تعلقات قائم رہیں۔اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں ملکوں اور عوام کی ضرورت ہے، غلط اقدامات دونوں ملکوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔طالبان قیادت نے اعلامیے میں افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے اقوامِ متحدہ اورعالمی اداروں سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔