ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم

انسانی سمگلنگ روکنے کے لیے چاروں صوبوں میں بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے؛ وزیر داخلہ محسن نقوی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 اپریل 2025 14:23

ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2025ء ) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے ملاقات کی، اس دوران نو تعینات ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی وقار الدین سید، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا بھی موجود تھے۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کو غیر قانونی امیگریشن کے خلاف مؤثر حکمت عملی تیار کرنے اور ڈی جی این سی سی آئی اے کو سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات کی گئیں۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ روکنے کے لیے چاروں صوبوں میں بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے کیوں کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث لوگ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں، اس کے علاوہ سائبر سکیورٹی بھی ایک نیا چیلنج ہے، اس لیے این سی سی آئی اے کی استعداد کار بڑھائی جائے گی اور افسروں کو تربیت کے لیے بیرون ملک بجھوایا جائے گا۔

دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ کی گرفتاری پر ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی اور کارکردگی کو سراہا، وزیراعظم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو 10،10 لاکھ روپے انعام اور شیلڈز بھی دیں، انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کئی بے گناہ لوگوں کی جانیں ضائع ہونے کے ذمے دار ہیں، مکروہ عمل کے باعث کئی لوگ ڈوبے اور اپنی زندگیاں گنوا بیٹھے، انسانی جانوں پر اس سے بڑا ظلم نہیں ہوسکتا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہاں مدعو کرنے کا مقصد آپ کی کارکردگی کو سراہنا ہے، ججا گینگ کو گرفتار کرنا لائق تحسین ہے، انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے جرم کے مرتکب عناصر کی سرکوبی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کالے دھندے میں ملوث افراد نے پاکستان کے تشخص کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی، انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کی وجہ سے پاکستان کی دنیا میں بدنامی ہوئی، انسانی سمگلنگ کا کالا دھندا مکمل طور پر بند کرانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔