Live Updates

ہوسکتا ہے خیبرپختونخواہ میں دو چار پارٹیاں ملکر حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کریں، خواجہ آصف

صوبے میں حکومت کی رٹ مکمل ختم ہوچکی اور کرپشن عروج پر پہنچی ہوئی ہے، پی ٹی آئی میں موجود لوگوں کو اپنے ملک، صوبے یا سیاست کا کوئی پاس نہیں؛ وزیر دفاع کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 جون 2025 17:04

ہوسکتا ہے خیبرپختونخواہ میں دو چار پارٹیاں ملکر حکومت تبدیل کرنے کی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2025ء ) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے خیبرپختونخواہ میں دو چار پارٹیاں مل کر حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں حکومت کی رٹ مکمل ختم ہو چکی ہے اور کرپشن عروج پر پہنچی ہوئی ہے، سانحہ سوات کے بعد جس طرح وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کمنٹ کیا، وہ ایک ذمہ دار شخص کو زیب نہیں دیتا، پی ٹی آئی میں موجود لوگوں کو اپنے ملک، صوبے یا سیاست کا کوئی پاس نہیں، پی ٹی آئی کے رہنما جماعت میں موجود جن لوگوں پر شک کررہے ہیں عمران خان ان کو قریب رکھ رہا ہے کہ شاید ان کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ سے بات بن جائے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان دنوں ایسی خبریں زیر گردش ہیں کہ خیبرپختونخواہ میں حکومت کی تبدیلی کا منصوبہ زیر غور ہے، اس معاملے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ خیبرپختونخواہ کے عوام نے اپنے زور بازو پر مینڈیٹ کا تحفظ کیا لیکن صوبائی حکومت کے خلاف پہلے روز سے سازش ہورہی ہے، اس صورتحال میں عمران خان جب بھی کہیں گے اسمبلی کو ختم کردوں گا یہ ان کی امانت ہے، اگر بانی پی ٹی آئی کہیں تو اسی وقت اسمبلی تحلیل کردوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو صرف 18 دنوں کی تنخواہوں کے پیسے تھے، خیبرپختونخواہ میں امن و امان کی صورت حال خراب کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، معاشی ایمرجنسی لگا کر صوبے کو مفلوج کرکے حکومت کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، اس حکومت کو ختم کرنے کا واحد اختیار عمران خان کے پاس ہے اور یہ اختیار کسی اور کو استعمال کرنے نہیں دوں گا، ملک میں دو اسمبلیاں تحلیل کیے جانے کے بعد فیصلہ سازوں اور قابض مافیا نے آئین توڑا، یہ آئین توڑنے والوں کی بھول ہے کہ ان کا احتساب نہیں ہوگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات