پیغام پاکستان کے عنوان سے فیصل آباد ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی آگاہی مہم جاری

منگل 8 اپریل 2025 17:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی پیغام پاکستان کے عنوان کے تحت اتحاد، امن و بھائی چارہ سے متعلق شہریوں کو آگاہی دینے کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے پیغام پاکستان کو بھرپور طریقے سے تمام میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو پبلک سیکٹر و پرائیویٹ سکولوں میں سیمینارز کا انعقاد کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

سیمینارزمیں طلباء کو امن و امان کے چیلنجز، شرپسند عناصر کی سرگرمیوں اور قومی یکجہتی کی اہمیت بارے اگاہی دی جا رہی ہے، علماء کرام سے بھی منبر سے پیغام پاکستان کو عام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوششوں کا سدباب نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن و سنت کی روشنی میں دہشت گردی اسلام کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ رسول پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ہمیشہ رواداری اور انسانیت کا درس دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہر شہری اپنے وطن کا سچا اور مخلص سپاہی بنے۔