آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کی حکومت آزادکشمیر کی جانب سے روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف ایف آئی آر کی مذمت

منگل 8 اپریل 2025 22:48

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف ایف آئی آر کی مذمت کی ہے۔ گزشتہ روز آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر اے کے این ایس چوہدری امجد نے کی جبکہ سابق صدرآل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی زاہد تبسم ،سردارحمید ، اعجاز خان ، نثار کیانی ،دلاور بخاری ،ہارون الرشید ،سردار جاوید اقبال،جاوید چوہدری ،سجاد شاہ ،نثار صائم بھی اس موقع پر موجودتھے ۔

راولاکوٹ سے شفقت ضیا، مسعود حنیف ، زاہد بشیر جبکہ میرپور سے شیر باز منیر چوہدری ، خالد چوہدری ، رمضان چغتائی ،ممتاز خاکسار ،مظفرآباد سے جنرل سیکرٹری راجہ امجد ،سابق جنرل سیکرٹری ظہیر جگوال نے ٹیلی فون پر اپنی رائے کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں روزنامہ جموں و کشمیرکے خلاف ایف آئی آر کے اندارج کو آزادی صحافت کے بنیادی اصولوں سے متصادم اور جمہوری اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی اپنے اس رکن ادارے کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے کہ ہم ہر سطح پر اس ادارے کو قانونی و تنظیمی معاونت فراہم کریں گے۔

یہ فیصلہ آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر امجد چوہدری کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔