صوبائی وزیرکھیل پنجا ب ملک فیصل ایوب کھوکھر کا سپورٹس کے میگا پراجیکٹس کا اعلان

منگل 8 اپریل 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء) صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ پنجاب میں سپورٹس کے میگا پراجیکٹس بنانے جارہے ہیں ، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ای گیمز سپورٹس کمپلیکس ،کلائمبنگ وال ، والی بال اور آرچری سپورٹس ایرینا ،چیس ، سنوکر اور بورڈز گیمز کا کمپلیکس تعمیر کیاجائے گا جبکہ پنجاب باکسنگ سپورٹس کمپلیکس ، بیس بال کا گراؤنڈبھی بنایا جائے گا،ان میگا پراجیکٹس کا اعلان انہوںنے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اہم اجلاس کے موقع پر کیا ۔

وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کی ترقی کیلئے بہترین انفراسٹرکچر تعمیر کیا جارہاہے ، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں سپورٹس کی جدید سہولیات بنانے کیلئے جامعہ پلان تیار کیا گیا ہے ، زیر تعمیر سکواش کمپلیکس ستمبر تک مکمل ہو جائے گا،روئنگ سپورٹس کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی، پنجاب سٹیڈیم کی سٹینگ کپیسٹی بڑھائی جائے گی اور دوبارہ اپ گریڈ کیا جائے گا،سپورٹس بورڈ پنجاب میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا، جو پنجاب کے تمام سپورٹس کمپلیکس کی نگرانی کرے گا،تمام سپورٹس کمپلیکس میں سپورٹس کے علاوہ کوئی ایکٹیویٹی نہیں ہوگی،خلاف ورزی کے مرتکب آفیسرز کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام کوچز کی کپیسٹی بلڈنگ کی جائے گی،کوچز کے نئے ٹی او آرز بنائے جائیں گے،کوچزکو ماڈرن تکنیکس سکھائی جائیں گی ،سپورٹس میں نئی جدت لانے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے آئیں میں ترمیم کی جارہی ہیں ، آئین میں تبدیلی سے سپورٹس ایسوسی ایشن کے گرانٹ کے طریقہ کار اور پھر الیکشن کا طریقہ بھی شفاف ہوگا،سپورٹس ایسوسی ایشنز اور کلبز کی ممبرشپ کے ساتھ سکروٹنی اور ممبرشپ بھی ختم کی جاسکے گی،سپورٹس بورڈپنجاب مالی خود مختاری کی طرف جارہا ہے ،ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹیوں کی ازسرنوتشکیل ہوگی،ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس اورڈائریکٹرایڈمن ہفتہ میں ایک بار پنجاب کے تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کے ساتھ میٹنگ کیا کریں گے جس میں ہر ڈویژنل میں موجود مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔

اجلاس میںسالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلا س میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری ،ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس میاں عثمان علی ،ڈائریکٹرایڈمن محمد کلیم ،ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم ، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، ڈپٹی ڈائریکٹرطارق خانزادہ ، پی ڈی پی ایم قیصر رضا ویگر نے شرکت کی ہے جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژنل ڈسٹرکٹ اور تحصیل سپورٹس افسران آن لائن شریک تھے۔