خواجہ کارپوریشن فلائی اوور رواں ماہ ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ الماس صبیح

بدھ 9 اپریل 2025 12:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) اسسٹنٹ کمشنر کینٹ الماس صبیح نے کہا ہے کہ خواجہ کارپوریشن فلائی اوور کو رواں ماہ ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ کارپوریشن فلائی اوور تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور اسے ٹریفک کے لیے چاند رات ( گزشتہ عید سے قبل) کو کھولا جانا تھا مگر کچھ ناگزیر وجوہات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے ابتدائی طور پر اس منصوبے کی تکمیل جون 2025 مقرر کی گئی تھی، بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق فلائی اوور کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اے سی کینٹ نے کہا کہ یہ منصوبہ راولپنڈی کے شہریوں کے لیے ایک اہم ترقیاتی اقدام ہے جس سے اڈیالہ روڈ پر ٹریفک کے مسائل ختم ہوں گے اور شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی منصوبوں کو شفافیت اور مؤثر حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ فلائی اوور گورکھپور تک تقریباً 1.93 بلین روپے کے اڈیالہ روڈ کی تعمیر نو اور دوبارہ کارپٹنگ کے منصوبے سے منسلک ہے۔ خواجہ کارپوریشن فلائی اوور تقریباً 1900 فٹ لمبا اور 52 فٹ چوڑا ہے جس کے دونوں طرف 22 فٹ لمبی سروس روڈز ہیں۔