چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ راجہ محمد سعید اکرم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے وکیل چوہدری محمود ایڈووکیٹ کی وفات پر فل کورٹ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

بدھ 9 اپریل 2025 18:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ راجہ محمد سعید اکرم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے وکیل چوہدری محمود ایڈووکیٹ(آف کوٹلی) کی وفات پر فل کورٹ تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس میں سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے سینئر جج جسٹس خواجہ محمد نسیم، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، ایڈوکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال، سید انیس گیلانی صدر سنٹرل بار وعہدیداران، سید مہر علی بخاری سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار وعہدیداران ، بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت وکلاء صاحبان کی ایک بڑی تعداد موجو د تھی۔

چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر راجہ سعید اکر م خان نے فل کورٹ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کوٹلی سے تعلق رکھنے والے وکیل محمود ایڈووکیٹ انتہائی شریف النفس، حلیم طبع اور اعلی اخلاق کے مالک وکیل اور نیک انسان تھے جنھوں نے ہمیشہ عدلیہ کے وقار کو قائم رکھا۔

(جاری ہے)

اپنے پیشے کے لحاظ سے انہوں نے وکالت میں بڑا نام کمایا ،آج ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور ہر ذی روح نے اس دنیا سے چلے جانا ہے ،موت کے بعد انسان کے کردار اور اوصاف زندہ رہتے ہیں،ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ چوہدری محمود ایڈووکیٹ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اس موقع پر مرحوم وکیل محمود ایڈووکیٹ کے ایصال ثواب و بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔