میرواعظ نے”ایم ایم یو“ کے اجلاس پر پابندی کو غیر منصفانہ ، غیر جمہوری قرار دے دیا

جمعرات 10 اپریل 2025 11:42

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور متحدہ مجلس علماء(ایم ایم یو) کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے بارے میں مجلس کے ایک اہم اجلاس پر پابندی کے قابض انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے نئی دہلی کے غیر جمہوری اقدام پر ” ایکس “پر اپنے ردعمل میں کہا” مسلم مذہبی رہنمائوں کوکمیونٹی کے لئے سنگین تشویش کے معاملات پر غور وخوض سے روکنا انتہائی افسوسناک اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم یو نے انتظامیہ کی قدغنوں کے باوجود فیصلہ کیا ہے کہ متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے کل جمعہ کو علاقے کی مساجد میں ایک قرارداد عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ وہ ایکٹ کے بارے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔یاد رہے کہ مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت کی طرف سے لائے جانے والے متنازعہ وقف ترمیمی قانون پر غور و خوض کیلئے گزشتہ روز ایم ایم یو کا ایک اہم اجلاس سرینگر میں ہونا تھا تاہم انتظامیہ نے مجلس کو اجلاس کے انعقاد سے روک دیا۔انتظامیہ نے مجلس کے سربراہ میر واعظ فاروق اور رکن آغا سید حسن الموسوی الصفوی کو بھی گھروں میں نظر بند کر دیا تھا۔