پنجاب حکومت کا تل کی بر آمدات بڑھانے اور سویا بین و کینولہ کی در آمدات کم کرنے کے 3 سالہ منصوبہ کا اعلان

جمعرات 10 اپریل 2025 17:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) پنجاب حکومت نے تل کی بر آمدات بڑھانے اور سویا بین و کینولہ کی در آمدات کم کرنے کے 3 سالہ منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بھکر، لودھراں، خانیوال، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، لیہ، کوٹ ادو اور قصورسمیت منتخب 17 اضلاع کے خواہشمند کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 24 اپریل ہے جبکہ قرعہ اندازی 29 اپریل کو ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ3 سالہ منصوبے کے تحت کل 592 ماڈل فارمز کا قیام عمل میں لایا جا ئے گااور ہر ایک ماڈل فارم کے لئے حکومت 30 ہزار روپے فی ماڈل فارم مالی اعانت کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت تل کی فصل کے جدید ماڈل فارمز کا قیام جبکہ تل کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی اپنانے اور ساتھی کاشتکاروں کو ترغیب دینے کے لئے اقدامات شامل ہوں گے جبکہ مذکورہ منصوبے کے لئے کاشتکار 3 ایکڑ متصل رقبہ پر تل کی فصل کاشت کرنے اور کاشتہ امور محکمانہ سفارشات کے مطابق کرنے کا پابند ہوگا نیز کاشتکار کا رقبہ پختہ سڑک پر ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ درخواست فارم محکمہ زراعت کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے جبکہ درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مکمل درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفاتر میں 24 اپریل تک جمع کروانا ضروری ہو گا۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے مزید معلومات اور رہنمائی کے لئےمحکمہ زراعت کی ہیلپ لائن 17000 ۔0800 پرپیر سے ہفتہ تک صبح 8 سے رات 8 بجے تک کال کی جاسکتی ہے۔