سیکرٹری محکمہ صحت و بہبود آبادی نادیہ ثاقب کے ضلع فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں کے دورے

جمعرات 10 اپریل 2025 17:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) سیکرٹری محکمہ صحت و بہبود آبادی نادیہ ثاقب نے جمعرات کے روز ضلع فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں کےدورے کئے اورصحت کی ناقص سہولیات کی فراہمی پر کھر ڑیانوالہ 60 بیڈ ہسپتال کے ایم ایس کومعطل کر دیا۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال اور عملہ کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پرسیکرٹری صحت و بہبود آبادی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کیمطابق مریضوں کو صحت کی تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی عدم فراہمی پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔انہوں نے نصرت فتح علی خان ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی،ایمرجنسی،اوپی ڈی،وارڈز میں ڈاکٹروں،عملہ کی حاضریوں اورصفائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا، مریضوں اور انکے لواحقین سے ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹروں کے ر ویہ کے بارے استفسار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محکمہ صحت کے حکام کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق ادویات سمیت تمام سہولیات فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ سیکرٹری ہیلتھ نے مریم نواز ہیلتھ کلینک 189 اور200 ر ب کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں پر طبی سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہارکیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینلس میں دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو صحت کی بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر دستیاب ہیں۔سیکرٹری ہیلتھ نے 229 رب مکوآنہ رورل ہیلتھ کلینک کا بھی معائنہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ و محکمہ صحت کے افسران بھی دورہ کے دوران سیکرٹری ہیلتھ کے ہمراہ تھے۔