زندگی کی جانب سے ٹریفک چالان کی ادائیگی ڈیجیٹل بنانے کے لیے آزادکشمیر پولیس کے ساتھ شراکت داری

جمعرات 10 اپریل 2025 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)جے ایس بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’زندگی‘ نے آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ ایک اسٹریٹجک معاہدہ کیا ہے تاکہ جدید حل کے ذریعے آزاد کشمیر میں ٹریفک جرمانے جاری کرنے کانظام ڈیجیٹل بنایا جا سکے۔ یہ تعاون روایتی کاغذی طریقہ کار سے ہٹ کر ایک جدید اور مکمل ڈیجیٹل فریم ورک میں منتقلی کی علامت ہے جس سے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

اس اقدام کے تحت ’زندگی‘ آزادکشمیرکی ٹریفک پولیس کو ایسی اسمارٹ ڈیوائسز فراہم کرے گا جو بلوٹوتھ کے ذریعے پرنٹرز کے ساتھ منسلک کی جائیں گی، جس سے ٹریفک اہلکاروں کو موقع پر ہی ڈیجیٹل طریقے سے چالان جاری کرنے کی سہولت ملے گی۔ مزید برآں، شہریوں کو بھی جرمانے کو بروقت ادائیگی کی سہولت حاصل ہوگی جوپے منٹس کے مختلف اور جدید طریقوں ،جیساکہ موبائل والٹس،اے ٹی ایم کارڈز،ڈیبٹ کارڈز، کریڈٹ کارڈز اور QR کوڈز وغیرہ کے ذریعے ممکن ہوگی ۔

(جاری ہے)

اس سے جرمانہ کی رقم ادا کرنے کا عمل زیادہ آسان، محفوظ اور قابل رسائی ہو جائے گا۔آزاد جموں وکشمیر کے انسپکٹر جنرل پولیس،رانا عبدالجبار نے اس شراکت داری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ،’’ ہمارا مقصد اے جے کے پولیس کو جدید پولیس اداروں کے برابر لانا ، آپریشنل کارکردگی کو بڑھانا اور ہموار سروس کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اعلیٰ درجے کی ٹیکنیکل سالوشنز کو اپناتے ہوئے، ہم عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے، اعتماد کو فروغ دینے، شفافیت کو بڑھانے اور خطے کی مجموعی حفاظت اور سلامتی کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

‘‘’ زندگی ‘کے بانی وچیف آفیسرنعمان اظہر نے ڈیجیٹلائزیشن میں نجی شعبہ کے کردارکے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ،’’پبلک سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس تبدیلی کو آگے بڑھانے میں نجی شعبہ کو اپنا مثبت اور فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ زندگی میں، ہم پختہ عزم کے ساتھ اس تبدیلی کی قیادت کر رہے ہیں تاکہ ہم حکومت پر مالی بوجھ ڈالے بغیراور پائیدار حل فراہم کرتے ہوئے اداروں کی مدد کریں۔

ایسے اقدامات میں ہم ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں اور ان کی قیمت مکمل طور پر خود برداشت کرتے ہیں تاکہ پاکستان کو مزید مؤثر اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔‘‘یہ اقدام نجی وسرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے زندگی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصدپاکستان کو ڈیجیٹل طورپر مضبوط اور باہمی رابطے سے جڑا ہوا ملک بنانا ہے۔