ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے امریکی ریاست ٹیکساس میں جیل کے باہر مظاہرہ

جمعرات 10 اپریل 2025 17:22

ٹیکساس/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے انسانی حقوق کے رضاکاروں اور ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز نے امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع ایف ایم سی کارسویل جیل کے باہر ایک مرتبہ پھر پرامن مظاہرہ کیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد، عورتوں اور بچوں نے شرکت کی۔ ٹیکساس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مظاہرے میں معروف مسلم اسکالر امام عمر سلیمان نے بھی شرکت کی اور اس موقع پر شرکاء سے خطاب بھی کیا۔

واضح رہے کہ ایف ایم سی کارسویل جیل کی انتظامیہ امام عمر سلیمان کو ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے پلان بی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیو اسٹافورڈ اسمتھ کہہ چکے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ پر جیل میں جنسی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں گوانتاناموبے کے قیدیوں سے بھی زیادہ برے حالات کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

چند ماہ قبل ملک کے معروف ماہرنفسیات ڈاکٹر اقبال آفریدی نے ایف ایم سی کارسویل جیل میں عافیہ کا طبی معائنہ کیا تھا۔ ان کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کو فوری طور پر طبی امداد کی ضرورت ہے جو انہیں امریکی بیورو آف پرزنر کی طرف سے نہیں دی جار ہی ہے۔ جبکہ اس کے برخلاف وزارت امور خارجہ (Mofa) اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست کر رہی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی صحت، زندگی اور رہائی سے متعلق دائر آئینی پٹیشن نمبر 3139/2015 کو خارج کیا جائے۔