کشمیر کے مایہ ناز ادیب اور شعرا ڈاکٹر افتخار مغل اور ڈاکٹر صابر آفاقی کی 14ویں برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

جمعرات 10 اپریل 2025 23:04

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) کشمیر کے مایہ ناز ادیب اور شعرا ڈاکٹر افتخار مغل اور ڈاکٹر صابر آفاقی کی 14ویں برسی کے موقع پر گورنمنٹ کالج مظفرآباد میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مخلص وجدانی تھے جب کہ تقریب کی صدارت ڈاکٹر عبدالکریم نے کی۔تقریب میں اساتذہ اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول سے ہوا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض حمزہ سعید نے سرانجام دیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر 14 برس پہلے 10 اپریل 2011 کو آزاد کشمیر کی دو بڑی ادبی شخصیات ڈاکٹر صابر آفاقی اور ڈاکٹر افتخار مغل ایک ہی دن راہی ملک عدم ہوئے ان کی یاد میں بزمِ ادب کے پلیٹ فارم سے گورنمنٹ کالج برائے طلبہ مظفرآباد میں تقریب ''یادِ رفتگاں '' کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈاکٹر عبدالکریم، مخلص وجدانی، ایم یامین، ڈاکٹر آمنہ بہار، پروفیسر اعجاز نعمانی، پروفیسر سعید احمد شاد اور شاکر نقوی نے خطاب کیا۔مقررین نے دونوں شخصیات کی مختلف علمی و ادبی جہتوں کا جائزہ لیا اور دونوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔