اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے پارک ویو سٹی اسلام آباد میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب کے اعزاز میں تقریب

جمعرات 10 اپریل 2025 23:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے پارک ویو سٹی اسلام آباد میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ رضوان نے کہا کہ تاجر برادری کو جدید تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنا ہوگااور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، کسی بھی ملک کی ترقی کا دار و مدار تجارت پر ہوتا ہے اور تاجر برادری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،ہماری حکومت تاجروں کو سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہے،اس سلسلے میں گھریلو اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی پیکیج سے نہ صرف عام آدمی بلکہ کاروباری برادری بھی اس سے مستفید ہوگی،کاروباری لاگت میں کمی آئے گی بلکہ انڈسٹریلائزیشن میں بھی اضافہ ہوگاجس سے ہماری ایکسپورٹ میں مزید بہتر ی ہوگی اور اس کے مثبت اثرات تمام انڈسٹری پر پڑیں گے، ان اقدامات کے ثمرات مہنگائی میں کمی کی صورت میں تمام طبقے کو ملیں گے اور موسم گرما میں بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

شازیہ رضوان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس کی طرف سے مہمان خصوصی کیلئے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا اور شازیہ رضوان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔