لاڑکانہ سٹیشن روڈ پر واقع کے ایف سی ریستوران پر مشتعل افراد کی فائرنگ

جمعرات 10 اپریل 2025 20:10

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حدود سٹیشن روڈ پر واقع کے ایف سی پر مشتعل افراد نے فائرنگ کرکے پتھراؤ کردی ،جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار وقار جلبانی معمولی زخمی ہوگئے، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر مشتعل افراد کو منتشر کرنے کی کوشش کی جس دوران پولیس نے 8 افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا جبکہ دیگر مشتعل افراد فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چودھری نے جائے وقوعہ پر پہنچے اور تفصیلات معلوم کی، پتھراؤ کرنے والے ملزمان کے خلاف ایس ایچ او تھانہ دڑی انسپکٹر گلزار احمد برڑو کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔دوسری جانب دڑی پولیس نے حملے میں ملوث 8 ملزمان اسرار کنبھر، احمد حسین کاٹھیو، یوسف برڑو، حسنین عباسی، معظم چانڈیو، آکاش چانڈیو، فیضان بھٹو اور نجف چانڈیو کو ریمانڈ کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ملزمان کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ایس ایس پی لاڑکانہ کی ہدایات پر دیگر ملزمان کی سی سی ٹی وی کے ذریعے شناخت سمیت اے ایس پی سٹی عبداللہ افضل کی زیرنگرانی دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشن بھی جاری ہے۔