لائیو سٹاک پنجاب کی جانب سے لمپی سکن ڈیزیز الرٹ جاری کرنے کے بعد احتیاطی تدابیر کو مزید سخت کر دیا گیا ہے،ڈاكٹرافضل

جمعہ 11 اپریل 2025 14:00

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) ویٹرنری ہسپتال كلووال انچارج ڈاكٹر افضل نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک پنجاب کی جانب سے لمپی سکن ڈیزیز الرٹ جاری کرنے کے بعد احتیاطی تدابیر کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ پنجاب میں اب تک لمپی سکن ڈیزیز کا کوئی تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ نے پیشگی حفاظتی اقدامات کیے ہیں تا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ عید سے ایک روز قبل سے لے کر اب تک لائیو سٹاک کا عملہ مکمل مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے رہا ہے۔ تمام داخلی راستوں پر آنے والے جانوروں کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چچڑ مار اور مکھی مار سپرے کا باقاعدہ استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ بیماری کے کسی بھی ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا تمام کسانوں اور مویشی پال حضرات سے گزارش ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی مشتبہ جانور یا بیماری کی صورت میں فوری اطلاع قریبی ویٹرنری سینٹر کو دیں۔

متعلقہ عنوان :