دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام کیلئے پنجاب آئی ٹی بی وپنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے درمیان معاہدہ

جمعہ 11 اپریل 2025 18:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) وزیراعلیٰ مریم نواز کے سکلڈ پنجاب انیشی ایٹو کے تحت دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پا گئی۔ترجمان کے مطابق ایم او یو پر پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر جنرل ساجد لطیف اور سی ای او پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ احمد خان نے دستخط کیے۔

یہ اشتراک دونوں اداروں کے مشترکہ ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کو ڈیجیٹل خواندگی اور آن لائن کیریئر بنانے کے مواقع فراہم کر کے خود مختار بنائے گا۔ اس ضمن میں پی آئی ٹی بی ٹریننگ پارٹنر کے طور پر جامع لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے آن لائن ڈیجیٹل ٹریننگ اور رہنمائی فراہم کرے گا جبکہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ اس پروگرام کی موثر عملداری کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا جس میں شرکاء کی بھرتی، تصدیق، معاونت اور نگرانی شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس اقدام کے ذریعے پی آئی ٹی بی اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ دیہی خواتین کیلئے ڈیجیٹل شعبے میں انقلابی مواقع پیدا کرنے کا عزم رکھتے ہیں تاکہ وہ پنجاب کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ یہ اشتراک دیہی خواتین کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی کا آغاز ہے جو انہیں باوقار روزگار کے مواقع فراہم کر کے خودمختاری کی راہ پر گامزن کرے گا۔

متعلقہ عنوان :