طبی سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے، سیکر ٹری صحت پنجاب

جمعہ 11 اپریل 2025 19:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) طبی سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔یہ بات سیکرٹری محکمہ صحت و بہبود آبادی نادیہ ثاقب نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب بھی موجود تھے۔سیکرٹری ہیلتھ نادیہ ثاقب نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی عدم فراہمی پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی چیک کی۔

(جاری ہے)

ایمرجنسی،اوپی ڈی،وارڈز میں ڈاکٹروں،عملہ کی حاضریوں اورصفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔انہوں نے مریضوں اور ان کے ساتھ لواحقین سے ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹروں کے رویہ بارے استفسار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق ادویات سمیت تمام سہولیات فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مریضوں کو صحت کی تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر عبدالواجد نے بریفنگ دی جس پر سیکرٹری ہیلتھ نے ہسپتال کے مسائل کے حل کے لئے فوری ہدایات جاری کیں۔