شہر کی ترقی اوربہتری میں تاجر برادری کا کردار کلیدی ہے ، ان کے مسائل کا بروقت حل ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد

جمعہ 11 اپریل 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے جمعہ کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر محمد ایوب اور تاجر برادری کے دیگر نمائندگان سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد شہر کو درپیش مسائل پر مشاورت اور تاجر برادری کے تحفظات کو سننا تھا۔اس موقع پر شہر میں کاروباری سرگرمیوں کو درپیش چیلنجز، انفراسٹرکچر کی بہتری، صفائی و ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، مارکیٹوں میں سہولیات کی فراہمی، سکیورٹی کے امور اور دیگر اہم نکات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر محمد ایوب اور دیگر تاجروں نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو موجودہ حالات سے آگاہ کیا اور کئی اہم تجاویز پیش کیں جن سے شہر میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے تاجر برادری کے مسائل کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ شہر کے مسائل کے حل اور تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی اور بہتری میں تاجر برادری کا کردار کلیدی ہے اور ان کے مسائل کا بروقت حل ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔آخر میں صدر چیمبر آف کامرس محمد ایوب نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :