امید ہے بلوچستان کے کھلاڑی نیشنل گیمز میں بہتر کارکردگی سے صوبے کا نام روشن کرینگے،مشیر کھیل و امورنوجوانان مینا مجید بلوچ

جمعہ 11 اپریل 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) مشیر کھیل و امورنوجوانان مینا مجید بلوچ اور ڈائریکٹرجنرل کھیل یاسر بازائی نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کیلئے صاف شفاف ٹرائلز کیا جارہا ہے ، ہونہار اور حقدار کھلاڑیوں کو بلوچستان کے دستے میں شامل کیا جائے گا،امید ہے کہ تمام کھیلوں کے مقابلوں میں کھلاڑی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرکے صوبے کا نام روشن کرینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل گیمز کیلئے جاری مختلف کھیلوں کے ٹرائلز کے موقع پر بلوچستان سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ممبران سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرایکٹیوٹیز محمد آصف لانگو ، محکمہ کھیل کے نمائندے،بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندے اور ٹرائلز میں حصہ لینے والے کھلاڑی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایوب سپورٹس کمپلیکس میں جمعہ کے روز ووشو،باسکٹ بال،بیس بال ،شو ٹنگ ،ٹینس ، سو فٹبال ، باکسنگ ، ہاکی ، فٹبال،سکوائش،والی بال، ویٹ لفٹنگ،ٹگ آف وار سمیت نیشنل گیمز میں شامل دیگر کھیلوں کے ٹرائلز منعقد ۔

مشیر کھیل مینا مجید نے کھلاڑیوں کو مزید بہتر کارکردگی کیلئے بھرپور محنت و پریکٹس جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ٹرائلز میں صوبے کے تمام اضلاع سے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ، منتخب کھلاڑیوں کو تربیت میں ہر سہولت فراہم کرینگے ، امید ہے بلوچستان کے کھلاڑی نیشنل گیمز میں بہتر کارکردگی سے صوبے کا نام روشن کرینگے۔